[]
کلکتہ: وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی آج دبئی ائیرپورٹ سے اسپین کی راجدھانی میڈرڈ کیلئے روانہ ہوگئی ہیں ۔تاہم دبئی ائیر پورٹ کےلائونج میں سری لنکا کے صدر انیل وکرما سنگھے سے اچانک ملاقات ہوگئی۔دونوں ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور مبارکباد کا تبادلہ کیا۔
مختصر گفتگو کے اختتام پر سری لنکا کے صدر کی جانب سے ایک ایسے سوال کا سامنا کرنا پڑا جس کی توقع ممتا بنرجی کو بالکل نہیں تھی کہ سری لنکائی صدر ہندوستان کی اندرونی سیاست سے متعلق سوال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وکرما سنگھے نے اچانک ممتا سے پوچھا کہ ’’کیا میں آپ سے ایک سوال پوچھ سکتا ہوں؟‘‘ ممتا بنرجی نے جواب دیاکہ ’’ہاں، بالکل۔‘‘ وکرما سنگھے نے سوال کیا کہ’’کیا آپ اپوزیشن کی قیادت کرنے جا رہی ہیں؟‘‘ ممتابنرجی نے نہیں سوچا تھا کہ اس طرح کا سوال سری لنکائی صدر کرسکتے ہیں ۔
اس سوال پر ممتا بنرجی نے اومائی گاڈ کہتے ہوئے مسکرانے لگیں ۔وزیر اعلیٰ نے سری لنکا کے صدر کو بنگال آنے کی دعوت دی ہے۔ بعد میں اپنے ایکس ہینڈل پر،انہوں نے وکرم سنگھ سے ملاقات کے بارے میں لکھا کہ انہوں نے سری لنکا کے سربراہ مملکت کو عالمی بنگلہ تجارتی کانفرنس میں آنے کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وکرما سنگھے نے ان سے سری لنکا کا دورہ کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
ممتا بنرجی کا طیارہ بدھ کو ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 9:30بجے سے کچھ دیر پہلے ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کے لیے دبئی سے روانہ ہوا۔ وزیراعلیٰ دوپہر کے بعد میڈرڈ پہنچیں گی۔
لا لیگا (اسپین کی فٹ بال لیگ) کے صدر جیویر تیویز سے جمعرات کو ان کی ملاقات ہوگی۔ سوربھ گنگولی اور کلکتہ کے تین اہم فٹ بال کلب کے عہدیدار موہن بگان، ایسٹ بنگال اور محمڈن اسپورٹنگ کلب وہاں موجود ہوں گے۔ بنگال میں فٹ بال کے فروغ کیلئے یہ میٹنگ ہورہی ہے ۔
مغربی بنگال حکومت اور لا لیگا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جانے ہیں۔ ممتا بنرجی اورتیوج کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس بھی کر سکتی ہیں۔
جمعہ کی سہ پہر میڈرڈ میں تجارتی سربراہی اجلاس میں وزیرا علیٰ ممتابنرجی بنگالی صنعتکار وں کے ساتھ شامل ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہسپانوی تاجر برادری کا سربراہی اجلاس جاری رہے گا اور صنعتکاروں سے مختلف ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
وزیر اعلیٰ منگل کو شام 4 بجے (بھارتی وقت) سے کچھ دیر پہلے دبئی پہنچیں۔ رات کے وقت وہ متحدہ عرب امارات کے تجارتی دارالحکومت میں قیام کیا۔ رات کو وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہلکی پھلکی گفتگو کے ساتھ تصویریں بھی کھینچائیں۔
ممتا میڈرڈ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ٹرین کے ذریعے بارسلونا جائیں گی۔ شام کو وہاں پہنچ کر وزیر اعلیٰ مقامی بنگالیوں اور ہندوستانیوں سے ملاقات کریں گی۔
پیر کی سہ پہر بارسلونا میں دوبارہ صنعتی اجلاس۔ ہسپانوی صنعتکاروں کے ساتھ بنگالی صنعتکاروں کی علیحدہ ملاقات ہوگی۔ وزیراعلیٰ منگل کو دوپہر 12 بجے سے تین گھنٹے تک بارسلونا میں صنعتی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ بنگال کے صنعتکار بھی اس میں شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ آئندہ بدھ کی شب بارسلونا سے دبئی روانہ ہوں گے۔ وہ جمعرات کی صبح دبئی پہنچیں گی۔ وزیراعلیٰ جمعہ کو دوپہر سے شام تک دبئی میں ہونے والی تجارتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ شام کو انہوں نے غیر ملکی بنگالیوں اور ہندوستانیوں سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ ہفتہ کی دوپہر دبئی سے روانہ ہوں گے اور اسی شام کلکتہ واپس آئیں گی۔ بنگال کے انتظامی اور کاروباری حلقے متوقع طور پر وزیر اعلیٰ کے دورہ سپین اور دبئی کے بارے میں پر امید ہیں۔ ان کے مطابق اس دورے سے اگلے سال ہونے والی عالمی بنگال تجارتی کانفرنس پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس لیے یہ دورہ زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔