رائس مل کے مالک سے ڈرا دھمکا کر رقم کا مطالبہ کرنے والے 5 نقلی رپورٹرس گرفتار _ تلنگانہ کے میدک ضلع میں واقعہ

[]

کاما ریڈی _ 13 ستمبر ( اردولیکس) تلنگانہ کے میدک ضلع میں ایک رائس مل کے مالک سے ڈرا دھمکا کر رقم کا مطالبہ کرنے والے 5 نقلی رپورٹرس کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

 

میدک ضلع کی نارسنگی پولیس کے مطابق رائس ملر کو دھمکیاں دینے اور غیر قانونی طریقے سے رقم بٹورنے کی کوشش کرنے پر پانچ نقلی رپورٹرس کو گرفتار کیا گیا۔ کاماریڈی ضلع کے داساری ناگاراجو، کوکلا راجو، منڈلا راجامولی، وڈلا راجندر اور مادیپلی کرن کمار منگل کو دو کاروں میں میدک ضلع کے نرسنگی آئے تھے۔ اور انھوں نے رامائم پیٹ  سے نارسنگی گودام کی طرف آرہی دھان سے  لدی لاری کو روک لیا ۔ ڈرائیور کو دھمکیاں دی گئیں۔ ڈرائیور نے فوراً رائس مل کے مالک شراون کمار کو اطلاع دی اور وہ وہاں پہنچے۔ پانچ افراد نے یہ کہہ کر رقم کا مطالبہ کیا کہ وہ صحافی ہیں۔

 

رقم نہ دینے پر غیر قانونی مقدمات درج کرانے کی دھمکی دی۔ ان کے رویے پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے شراون نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس آئی اور ان کی تفصیلات حاصل کی جس پر پتہ چلا کہ یہ تمام نقلی رپورٹرس ہیں ۔ ان کے پاس چار جعلی شناختی کارڈ پائے گئے۔ ملزمین کو حراست میں لے کر دو کاریں اور آٹھ موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے۔

 

معلوم ہوا ہے کہ ان کے خلاف اس سال جون میں کاماریڈی ضلع کے بھکنور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *