جموں و کشمیر کے پہاڑی سیاحتی مقام پہلگام میں غیر ملکی اور مقامی سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر ہے۔ اس المناک واقعے پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور قومی سطح پر دہشت گردی کے خلاف اتحاد کو از سر نو بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے 22 اپریل کو جاری اپنے بیان میں پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس بزدلانہ واردات کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم سیاحوں پر حملہ بزدلی کی انتہا ہے جس کی شدید مذمت ہونی چاہیے۔
