نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہوئے حملے کی ملکی اور عالمی سطح پر جاری مذمت کے درمیان کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے اس وحشیانہ کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے میں ملوث عناصر کو سخت ترین سزا دی جائے اور بے گناہ متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
ملکارجن کھڑگے نے بدھ کی صبح ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا، ’’گزشتہ رات میں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور ریاستی کانگریس کے سینئر رہنماؤں سے پہلگام میں ہوئے اس ہولناک قتل عام پر بات کی۔ اس بزدلانہ دہشت گرد حملے میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔‘‘
