وزیر اعظم نے امریکی نائب صدر، خاتونِ دوئم اور ان کے بچوں کے لیے ہندوستان میں خوشگوار اور نتیجہ خیز قیام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ان کی اہلیہ مسز اوشا وینس، ان کے بچوں اور امریکی انتظامیہ کے سینئر ارکان سے ملاقات کی۔7، لوک کلیان مارگ پر وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے فروری میں اپنے واشنگٹن کے دورے اور صدر ٹرمپ کے ساتھ اپنی مفید بات چیت کو یاد کیا، جس نے ‘میک امریکہ گریٹ اگین’ (ایم اے جی اے) اور ‘ترقی یافتہ ہندوستان 2047’ کی طاقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، ہندوستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون کے لیے ایک روڈ میپ تیار کیا۔
وزیر اعظم اور نائب صدر وینس نے دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی طور پر فائدہ مند ہندوستان-امریکہ دو طرفہ تجارتی معاہدے کے لئے بات چیت میں اہم پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ اسی طرح، انہوں نے توانائی، دفاع، اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مسلسل کوششوں کا ذکر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بات چیت اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی اپیل کی۔وزیر اعظم نے نائب صدر جمہوریہ، خاتونِ دوئم اور ان کے بچوں کے لیے ہندوستان میں خوشگوار اور نتیجہ خیز قیام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو اپنی گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں ان کے ہندوستان کے دورے کے منتظر ہیں۔
