[]
کولمبو: ٹیم انڈیا کے اسٹار کھلاڑی ویراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ میں تاریخ رقم کردی۔ کوہلی نے 98 رنز بنانے کے بعد ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 13000 رنز مکمل کرلیے۔
کنگ کوہلی یہ بڑا کارنامہ انجام دینے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ کوہلی سے پہلے عظیم کرکٹر سچن ٹنڈولکر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ دنیا میں اب 5 ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ریزرو ڈے پر کوہلی اور کے ایل راہول نے دھماکہ خیز بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی گیند بازوں کے خلاف سنچریاں اسکور کیں۔ ویراٹ کوہلی نے پاکستان کیخلاف زبردست سنچری بنائی جو ان کے ونڈے کیریر کی 47ویں سنچری تھی۔
کنگ کوہلی ونڈے کرکٹ میں 13000 رنز بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر ونڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جنہوں نے 18426 رنز بنائے۔ دوسرے نمبر پر سری لنکا کے لیجنڈ کمار سنگاکارا ہیں جن کے نام 14234 رنز ہیں۔
سنگاکارا کے بعد آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پانٹنگ ہیں جنہوں نے 13,704 رن بنائے جبکہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر سری لنکا کے سابق کپتان سنتھ جے سوریا ہیں جنہوں نے 13,430 رن بنائے ہیں۔ کوہلی 13,000 رنوں کے پانچویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ویراٹ کوہلی ونڈے میں تیز ترین 13000 رنز (اننگز کے لحاظ سے) بنانے کے معاملہ میں ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔ ویراٹ کوہلی نے 267 اننگز میں 13000 رنز بنائے۔ اس معاملہ میں وہ سچن ٹنڈولکر سے بھی آگے نکل گئے۔ سچن نے یہ کارنامہ 321 اننگز میں انجام دیا تھا۔
اس فہرست میں کوہلی اور سچن کے بعد رکی پانٹنگ تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 341 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ کوہلی نے آج 47 ویں سنچری بھی اسکور کی۔