نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے 1919 کے خونی جلیانوالہ باغ قتل عام کے شہیدوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اسے ہندوستانی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیا ہے جو ہمیشہ ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
راہل گاندھی نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا، ’’میں جلیانوالہ باغ کے قتل عام میں شہید ہونے والے بہادر شہیدوں کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ یہ قتل عام ایک آمرانہ حکومت کے ظلم کی علامت ہے، جسے یہ ملک کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ اس ناانصافی اور ظلم کے خلاف ہمارے بہادر شہیدوں کی قربانی آنے والی نسلوں کو انصاف کے لیے لڑنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔‘‘
