نئی دہلی: دہلی کے تاریخی لال قلعہ اور جامع مسجد جیسے حساس اور معروف سیاحتی مقامات کو نشانہ بنانے کی ایک جھوٹی بم کی اطلاع نے سکیورٹی ایجنسیوں کو چوکنا کر دیا۔ دہلی فائر سروس کے ایک افسر نے بتایا کہ صبح 9 بج کر 3 منٹ پر ایک فون کال موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ لال قلعہ اور جامع مسجد کے احاطے میں بم نصب ہے۔
کال موصول ہوتے ہی پولیس، بم اسکواڈ اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ دہلی فائر بریگیڈ کی جانب سے ایک فائر ٹینڈر بھی دونوں مقامات پر بھیجا گیا، جہاں گہری تلاشی مہم چلائی گئی۔ افسر کے مطابق، دونوں مقامات کی مکمل چھان بین کے باوجود کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی، جس کے بعد ابتدائی طور پر اس واقعے کو شرارت قرار دیا گیا ہے۔
