
حیدرآباد (پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ، پیر کے روز ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعہ مواد تیار کرنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس مواد کا استعمال مبینہ طور پر کنچہ گچی باؤلی میں 400ایکڑ اراضی کے مسئلہ پر غلط بیانیہ کو پھیلانے میں کیا گیا۔
حکومت نے آج اس ضمن میں عدالت العالیہ میں ایک عرضی داخل کرتے ہوئے 400ایکڑ اراضی کے تنازعہ میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد، اس مواد کو مبینہ طور پر غلط بیانیاں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ ان مبینہ جھوٹے بیانات کا چیف منسٹر کی جانب سے سخت نوٹ لینے کے بعد ہائی کورٹ میں یہ عرضی داخل کی گئی ہے۔
ان فرضی، من گھڑت بیانیہ سے یونیورسٹی آف حیدرآباد سے متصل 400ایکڑ قطعہ اراضی پر آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے سے متعلق حکومت کا منصوبہ تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 5 اپریل کے روز عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کی اراضیات پر مبینہ قبضہ کے ضمن میں مصنوعی ذہانت کے ذریعہ گمراہ کن مواد کی تخلیق کی تحقیقات کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع ہوں۔
حکومت تلنگانہ نے کنچہ گچی باؤلی کی 400 ایکڑ اراضی پر آئی ٹی انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے کا منصوبہ بنایا تھا جس پر یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبہ نے احتجاج منظم کیا۔ اب یہ مسئلہ تلنگانہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے۔ احتجاجی طلبہ کا دعویٰ ہے کہ یہ 400 ایکڑ اراضی یونیورسٹی کا حصہ ہے جبکہ حکومت کا ادعا ہے کہ یہ اراضی اس کی ملکیت ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو سائبر کرائم محکمہ کو مستحکم بنانے پر زور دیا تاکہ یونیورسٹی آف حیدرآباد سے متصل 400 ایکڑ اراضی کے بارے میں گمراہ کن مواد کو پھیلانے سے روکا جاسکے۔ سی ایم او نے کہا کہ پولیس کے سینئر عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ موروں کے رونے کی آواز کے فرضی آڈیو کلپس کے علاوہ تحریف شدہ فوٹوز اور ویڈیوز بنائے گئے جس میں زخمی ہرن کو دکھایا گیا۔
اے آئی سی سی کی تلنگانہ پردیش کی تنظیمی امور کی انچارج میناکشی نٹراجن نے اتوار کے روز یونیورسٹی طلبہ اور سیول سوسائٹی گروپس کے ساتھ بات چیت کی تاکہ اس مسئلہ کا قابل قبول حل دریافت کیا جاسکے۔
یوا و ایچ طلبہ یونین نے نٹراجن پر زور دیا کہ وہ کنچہ گچی باؤلی کی اراضی پر نقصانات کے تخمینہ کے سروے اور حیاتیاتی تنوع کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لئے یونین کے ساتھ ماہرین اور ریسرچرس کو اجازت دینے کے اقدامات کریں، میناکشی نٹراجن کو دئے گئے یادداشت میں یونین نے تلنگانہ بھر کے پولیس اسٹیشنوں میں طلبہ کے خلاف درج ایف آئی آر کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ صدر یو او ایچ ایس یو کے صدر اومیش امبیڈکرنے یہ بات کہی۔