
میانمار، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور دیگر قریبی ممالک میں جمعہ کو شدید زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.7 درج کی گئی۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے علاقے سگائنگ میں واقع تھا۔ اس زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تھائی لینڈ کی راجدھانی بینکاک سمیت کئی علاقوں میں نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جس میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں
میانمار کے شہر مانڈلے میں زلزلے سے شدید تباہی ہوئی، جہاں کئی مشہور مندروں اور بدھ مت کے مقدس مقامات کو نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق، میانمار کی معروف ایوا پل، جو اراوڈی ندی پر واقع تھی، زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے زمین بوس ہوگئی۔
تھائی لینڈ کے بینکاک شہر میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جہاں ایک زیر تعمیر عمارت گرنے کی اطلاعات ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے میں کئی افراد دبے ہوسکتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم جانی نقصان کے بارے میں کوئی واضح اطلاع نہیں ملی۔ کچھ رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ چین اور تائیوان کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے اثرات دیکھے گئے ہیں۔
زلزلے کے بعد میانمار اور دیگر متاثرہ علاقوں میں لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر جمع ہوگئے۔ حکام امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔