
مدینہ منورہ: رمضان المبارک کے آخری عشرے کا آغاز ہوتے ہی مسجد نبویؐ میں اعتکاف کرنے والے بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔ معتکفین کے لیے مختلف مقامات مخصوص کیے گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ادارہ امورحرمین کی جانب سے آخری عشرے میں اعتکاف میں بیٹھنے والے وہ مرد و خواتین جنہوں نے پہلے ہی پرمٹ حاصل کیے ہیں انہیں لاکرز بھی الاٹ کردیئے گئے ہیں جہاں اُن کی اشیاء محفوظ رہیں گی۔
مسجد نبویؐ میں اعتکاف کے دوران بیماری کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کی غرض سے مکمل سہولیات سے آراستہ کلینک بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ معتکیفین کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔
انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف کرنے والوں کی سہولت کے لیے افطاری اور سحری کا بندوبست بھی کیا گیا ہے اس کے علاوہ مختلف زبانوں میں دینی امور میں رہنمائی کے لیے اسکالرز کے لیکچرز کا بھی انتظام ہے۔