راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو بے روزگاری کے بارے میں بولنا چاہیے تھا لیکن انھوں نے کچھ نہیں بولا، انھیں کمبھ میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں کیا۔


راہل گاندھی و نریندر مودی / سوشل میڈیا
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ میں مہاکمبھ کے کامیاب انعقاد پر اپنی باتیں رکھیں اور اس کی کامیابی پر بے انتہا خوشی کا اظہار بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم سب جانتے ہیں کہ گنگا کو زمین پر لانے کے لیے ایک ناقابل فراموش کوشش ہوئی تھی، ویسا ہی مہاکمبھ کے انعقاد میں بھی عظیم کوششیں دیکھنے کو ملیں۔‘‘ پارلیمنٹ میں دیے گئے اس بیان پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک تلخ سوال سامنے رکھ دیا۔ انھوں نے پوچھا کہ ’’پی ایم مودی نے مہاکمبھ میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیوں نہیں کی؟‘‘
رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ کانگریس کے دیگر لیڈران نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس پارٹی کا الزام ہے کہ وزیر اعظم آج ایوان میں بولنے والے تھے، لیکن اس کی جانکاری وقت رہتے نہیں دی گئی۔ راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ اہم مسائل پر اپوزیشن کو بولنے نہیں دیا گیا، یہ کیسا نیو انڈیا ہے؟ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بے روزگاری کے بارے میں بولنا چاہیے تھا، لیکن انھوں نے اس پر کچھ نہیں بولا۔ پی ایم مودی کو کمبھ میں مارے گئے لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرنی چاہیے تھے، لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔
یہ بیان راہل گاندھی نے پارلیمنٹ احاطہ میں میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ کمبھ ہماری روایت ہے، تاریخ، ثقافت ہے۔ ہمیں تو بس اس بات کی شکایت ہے کہ وزیر اعظم مودی نے کمبھ میں ہلاک ہونے والوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ مہلوکین کو خراج عقیدت تک پیش نہیں کی۔ کمبھ میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں بھی پہنچی تھی جنھیں وزیر اعظم سے روزگار چاہیے، وزیر اعظم کو اس (روزگار کے) بارے میں بھی بولنا چاہیے تھا۔