تلنگانہ میں موسمی تبدیلی، شہریوں کو محکمہ موسمیات کے اہم مشورے

حیدرآباد: محکمہ موسمیات تلنگانہ میں حالیہ موسمی تغیرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، خاص طور پر حیدرآباد میں جہاں درجہ حرارت میں کمی، زیادتی اور غیر متوقع موسمی تبدیلیاں تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔ ایک تلگوچینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں، محکمہ موسمیات کے سینئر عہدیداردھرماراجو نے موجودہ اور آئندہ موسم کے بارے میں اہم تفصیلات سے واقف کروایا۔

انہوں نے حالیہ ہفتوں میں غیر معمولی موسمی تبدیلی کی نشاندہی کی۔ حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے بارش، درجہ حرارت میں تبدیلی، اور نمی کی سطح میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے روزمرہ کی زندگی اور زرعی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

 انہوں نے وضاحت کی کہ یہ موسمیاتی تبدیلیاں بحیرہ بنگال اور بحیرہ عرب سے آنے والے ہوائی دباؤ اور موسمی اثرات کا نتیجہ ہیں۔دھرماراجو کے مطابق، کئی عوامل اس خطہ کے موسم کو متاثر کر رہے ہیں۔

ساحلی علاقوں میں حالیہ طوفانی سرگرمیوں نے ہوا کے بہاؤ کو تبدیل کر دیا ہے۔ شمال سے آنے والی سرد ہوائیں مقامی موسم سے مل کر درجہ حرارت میں کمی کا باعث بن رہی ہیں۔ بڑھتی ہوئی شہری آبادی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور آلودگی بھی درجہ حرارت میں غیر متوقع تبدیلیوں کا سبب بن رہے ہیں۔

انہوں نے آئندہ دنوں کے لیے تفصیلی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر شام اور رات کے وقت ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ رات کے وقت اچانک کمی ہو سکتی ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر، محکمہ موسمیات نے چند احتیاطی تدابیر جاری کرتے ہوئے کہاکہ اچانک بارش کے امکانات ہیں۔ضعیف افراد اور بچوں کو زیادہ پانی پینے اور شدید موسم میں زیادہ دیر باہر نہ رہنے کا مشورہ دیاگیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *