مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چین نے ایران پر عائد غیر منصفانہ اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن جوہری توانائی ایران کا حق ہے۔
نائب وزیر خارجہ ما ژاؤسو نے ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، ایران کے پرامن جوہری توانائی کے استعمال کے حق کی بھرپور حمایت کی ہے۔
ایران اور روس کے ہم منصبوں کے ساتھ اجلاس کے بعد انہوں نے کہا کہ چین ایران کی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ خطے میں کشیدگی کو بڑھانے والے اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ سفارتی حل کی راہ ہموار ہو سکے۔
ما ژاؤسو نے اس سہ فریقی اجلاس میں روس، چین اور ایران کے درمیان گہرے مشاورتی عمل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک امن اور پابندیوں کے خاتمے پر متفق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور روس ایران کے اس مؤقف کی حمایت کرتے ہیں کہ وہ جوہری ٹیکنالوجی کو صرف پرامن مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے اور جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔