
وڈودرا:گجرات کے وڈودرا میں تیز رفتار گاڑی نے تباہی مچادی۔ ایک بے قابو کار نے اسکوٹی کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک ہوگئی، جبکہ دیگر کئی افراد شدید زخمی ہوئے۔ حادثہ امرپالی کمپلیکس کے قریب پیش آیا، اور یہ منظر قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈرائیور نشے میں تھا۔ جاں بحق خاتون کی شناخت ہمالی بین پٹیل کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں 12 سالہ جینی، 35 سالہ نشا بین شامل ہیں، جبکہ دو دیگر افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
حادثہ کے بعد جب پولیس اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے تو نشے میں دھت ڈرائیور تباہ شدہ گاڑی سے نکل کر زور زور سے چیخنے لگا اور “ایک اور راؤنڈ، ایک اور راؤنڈ” کہہ کر ہنگامہ کھڑا کردیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور ملزم ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر لینا پاٹل کے مطابق، “ایک بے قابو کار نے اسکوٹی کو ٹکر ماری، جس میں خاتون ہلاک اور کئی لوگ زخمی ہوئے۔ ملزم کے خلاف نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔” پولیس ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔