جگدیپ دھنکھڑ کو ہفتہ کی دیر رات بے چینی اور سینے میں درد کی شکایت ہوئی تھی۔ پی نڈا نے اسپتال پہنچ کر نائب صدرجمہوریہ کی خیریت دریافت کی.


جگدیپ دھنکھڑ فائل تصویر آئی اے این ایس
نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ کی طبیعت ہفتہ کی دیر رات اچانک بگڑ گئی۔ انہیں بے چینی اور سینے میں درد کی شکایت کے بعد ایمس میں بھرتی کرایا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو ذرائع نے بتایا کہ 73 سالہ دھنکھڑ کو رات میں اسپتال لایا گیا۔ ابھی ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ نائب صدر جمہوریہ دھنکھڑ کو بے چینی اور سینے میں درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد انہیں 2 بجے ایمس میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے جگدیپ دھنکھڑ کی حالت کو مستحکم بتایا ہے۔ انہیں کریٹیکل کیئر یونٹ (سی سی یو) میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
دھنکھڑ کو ایمس کے کارڈیولوجی محکمہ کے سربراہ ڈاکٹر راجیو نارنگ کی نگرانی میں سی سی یو میں داخل کرایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دھنکھڑ کی حالت ٹھیک ہے اور ڈاکٹروں کا ایک گروپ ان کی حالت پر نظر رکھ رہا ہے۔ وہیں نائب صدر جمہوریہ کا حال جاننے کے لیے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا اسپتال پہنچے اور انہوں نے دھنکھڑ کے احوال دریافت کیے۔
قابل ذکر ہے کہ جگدیپ دھنکھڑ راجستھان کے جھنجھنوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ چتوڑ گڑھ سینک اسکول کے طلبا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے راجستھان یونیورسٹی سے قانون کی پڑھائی کی۔ 1987 میں انہیں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔ جگدیپ دھنکھڑ کا سیاسی سفر 1989 میں شروع ہوا۔ انہوں نے جنتادل کے ٹکٹ پر جھنجھنو سے انتخاب لڑا اور کامیابی حاصل کرکے پہلی بار رکن پارلیمنٹ بنے۔ بی جے پی نے دھنکھڑ کو نائب صدرجمہوریہ کے عہدہ کا امیدوار بنایا تھا جس کے بعد 2022 مٰیں وہ ملک کے نائب صدرجمہوریہ کے طور پر منتخب ہوئے۔ نائب صدر جمہوریہ بننے سے پہلے جگدیپ دھنکھڑ مغربی بنگال کے گورنر تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔