قریب کی مساجد میں نماز جمعہ ادا کریں: مولانا خالد رشید فرنگی محلی (ویڈیو)

لکھنو/ بریلی(یوپی) (پی ٹی آئی)اگلے جمعہ کو ہولی سے قبل لکھنو عیدگاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اُس دن دوردراز کی مسجدوں کا رخ کرنے کے بجائے اپنے محلہ کی مسجد میں نماز ادا کریں۔

جمعرات کے دن جاری اڈوائزری میں مولانا نے کہا کہ جن مسجدوں میں نماز ِ جمعہ عام طورپر 12:30 اور 1:00 بجے کے درمیان ادا کی جاتی ہے وہاں 2:00 بجے کے بعد نماز ادا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال رمضان کا دوسرا جمعہ 14 مارچ کو ہے اور اُس دن ہولی کا تہوار منایا جانا والا ہے لہٰذا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ نماز جمعہ کے لئے دوردراز کی مساجد نہ جائیں اور محلہ کی مسجد میں نماز پڑھ لیں۔

جامع مسجد عیدگاہ میں اگلے جمعہ کو نماز 12:45 کے بجائے 2:00 بجے ادا کی جائے گی۔ بریلی میں آل انڈیا مسلم جماعت کے صدر مولانا مفتی شہاب الدین رضوی بریلوی نے ائمہ سے اپیل کی کہ وہ ہولی کے دن نماز ِ جمعہ کا وقت 2:30 بجے مقرر کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملی جلی آبادی والے محلوں میں 2:30 بجے کا وقت مقرر کیا جائے جبکہ مسلم اکثریتی علاقوں میں وقت بدلنے کی ضرورت نہیں۔ مولانا نے مشورہ دیا کہ مسلمان تین چار گھنٹوں سے زیادہ سڑکوں پر نہ نکلیں۔ کسی اہم کام سے باہر جانا پڑے تو بے حد محتاط رہیں۔

مقدس ماہِ رمضان صبر کے ساتھ منایا جائے۔ اگر کوئی بچہ یا جاہل آپ پر رنگ پھینکے تو اس سے جھگڑنے کی ضرورت نہیں۔ گھر جائیں اور کپڑے دھولیں۔

ہولی کے رنگوں سے آپ کا لباس ناپاک نہیں ہوگا۔ سنبھل میں ایک پولیس عہدیدار نے جمعرات کے دن یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا تھا کہ ہولی کے رنگوں سے جنہیں تکلیف ہوتی ہو وہ گھروں کے اندر رہیں کیونکہ یہ تہوار سال میں صرف ایک بار آتا ہے جبکہ جمعہ کی نماز سال میں 52 مرتبہ ادا کی جاتی ہے۔ اس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے پولیس عہدیدار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *