چیف منسٹر ریونت ریڈی اور بی جے پی میں خفیہ سازباز آشکار : رکن کونسل کویتا

چیف منسٹر ریونت ریڈی اور بی جے پی میں خفیہ سازباز آشکار

ریاستی حکومت، آر ایس ایس کے ایجنڈے پر کاربند،کانگریس قائدین صرف بی آر ایس کو نشانہ بنانے میں مصروف

عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی بالکلیہ طورپر نظر انداز ۔ہر معاملہ میں دروغ گوئی

کلواکنٹلہ خاندان آئینی اقدار کا پاسدار،عوام کے لئے جدوجہد کا عزم مصصم۔کے کویتا کی پریس کانفرنس

 

حیدرآباد27/ فروری (اردو لیکس)

:رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ریاستی حکومت، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور بی جے پی کے درمیان خفیہ ساز باز پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر کام کر رہے ہیں اور آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔وہ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔

 

کے کویتانے کہا کہ ہر معاملے میں ریونت ریڈی بی جے پی کے ساتھ مل کر سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان خفیہ مفاہمت آشکارہو چکی ہے اور بی جے پی قائدین ہی کانگریس حکومت کو کنٹرول کر رہے ہیں۔ جیسے ہی بی آر ایس عوام کے سامنے حکومت کو بےنقاب کر رہی ہے۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں مل کر بی آر ایس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

 

سابق رکن پارلیمان نظام آباد کویتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ وہ کے سی آر اور کے ٹی آر کے خلاف مقدمات درج کرائیں گے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعلیٰ کو تلنگانہ کے عوام یا ترقی کی کوئی پرواہ نہیں، وہ صرف بی آر ایس اور کلواکنٹلہ خاندان کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاہمارا خاندان ہمیشہ آئینی روایات اور اقدار کا پابند رہا ہے، ہم نے کبھی کسی پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں کی لیکن ریونت ریڈی کے اہل خانہ غیر آئینی طریقے سے کام کر رہے ہیں۔کلواکنٹلہ کویتا نے ریونت ریڈی کے بھائی تروپتی ریڈی کی سرکاری امور میں مداخلت پر استفسار کیااور کہا کہ اگر وہ پارٹی کے لحاظ سے کسی حلقہ کے انچارج ہوتے تو کوئی اعتراض نہ ہوتا لیکن وہ سرکاری اجلاسوں میں کیوں شرکت کر رہے ہیں؟ ضلع کلکٹر نے انہیں سرکاری سطح پر کیوں خوش آمدید کہا۔ وزیر اعلیٰ دستور کے مغائر کام کر رہے ہیں۔

 

بی آر یس لیڈر نے کہا کہ ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے سینئر رہنما و بڑے لیڈر نرسیا کوگیٹ کے باہر ٹہرا کر اپنی انا پرستی کا مظاہرہ کیا۔ تلنگانہ کے عوام کے لئے ڈھال بننے والے کے سی آر کے خاندان اور بی آر ایس پارٹی کو نشانہ بنانا ریونت ریڈی کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔کویتا نے ریونت ریڈی کے ریاستی معیشت پر دیئے گئے بیانات کو سراسر جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ دعویٰ کہ ریاست ہر ماہ 6,500 کروڑ سود ادا کر رہی ہے، بالکل غلط ہے۔ سی اے جی رپورٹ کے مطابق کسی بھی مہینہ میں سود کی ادائیگی 2,600 کروڑ سے زائد نہیں ہوئی۔ اسی طرح ریونت ریڈی کا کہنا ہےکہ ریاست کی ماہانہ آمدنی 18,000 کروڑ روپئے ہے جبکہ حقیقت میں سی اے جی رپورٹ کے مطابق رواں سال آمدنی 12,000کروڑ روپئے سے زیادہ نہیں ہوئی

۔

کویتا نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آتے ہیں تلنگانہ کے چار بڑے پروجیکٹس تباہ ہو چکے ہیں۔ سنکیشیلا پروجیکٹ کی دیوار منہدم ہوگئی۔ کھمم ضلع میں ایک اور بڑا پروجیکٹ بہہ گیا، لیکن حکومت نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ایم ایل سی کویتا نے ایس ایل بی سی پروجیکٹ پر وزیر اعلی کے دعوؤں کو جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ بی آر ایس حکومت کے دوران اس پروجیکٹ کا کام تیزی سے ہوا۔ کانگریس اور ٹی ڈی پی حکومتوں نے 30 سال میں صرف 3,340 کروڑ خرچ کئے جبکہ کے سی آر حکومت نے 10 سال میں 3,890 کروڑ روپئے صرف کئے اور 11 کلومیٹر ٹنل کی کھدوائی کی ۔ اس کے باوجود وزیر اعلیٰ جھوٹے بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

 

ریاست میں پیش آئے ٹنل واقعہ پر وزیر اعلیٰ کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ٹنل حادثہ میں جہاں مزدور زندگی اور موت کی جنگ لڑرہے ہیں وہیں ریونت ریڈی انتخابی مہم میں مصروف رہے۔ دوسری طرف اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ جب تک وہاں کے مزدوروں کو ٹنل سے زندہ نکال نہیں لیا وہ وہیں موجود رہےلیکن ریونت ریڈی کو تلنگانہ کے عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ کویتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم سے ملاقات کے فوراً بعد کہا کہ بی آر ایس پارٹی ختم ہو چکی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا یہ بیان بی جے پی اور کانگریس کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔

 

آخر میں کویتا نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی عوام کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی اور کانگریس اوربی جے پی کی مشترکہ سازشوں کو بے نقاب کرتی رہے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *