[]
حیدرآباد: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے ارکان کا ایک اہم اجلاس مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری صاحب کنوینر رابطہ کمیٹی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ برائے یونیفارم سیول کوڈ خانقاہ حضرت شاہ خاموش رح بتاریخ 6/جولائی بروز جمعرات منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں حضرت مولانا مفتی خلیل احمد صاحب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ، مولانا ڈاکٹر محمد متین الدہن قادری صاحب، مولاناحسام الدین ثانی جعفر پاشاہ صاحب، ڈاکٹر محمد مشتاق علی صاحب، مولانا سید مسعود حسین مجتہدى صاحب اور مولانا سید نثار حسین حیدرآغاء صاحب نے شرکت کی۔
اجلاس میں بورڈ کے آرکان کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ 13/ جولائی تک آل أنڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے دئیے گے QR کوڈ کا استعمال کرتے ہوئے لاء کمیشن آف انڈیا کو یونیفارم سیول کوڈ کی مخالفت میں اپنی رائے کا اظہار کریں۔
اس کا بے حد آسان طریقہ ہے جو سوشیل میڈیا کے ذریعہ وائرل کردیا گیا ہے۔ یہی کوڈ یہاں نیچے بھی دیا گیا ہے۔
اس کا طریقہ یہ ہے کہ کیو آر کوڈ کو اپنے موبائل سے اسکین کریں جس کے بعد نظر آنے والی بالکل سادہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے لاء کمیشن کو اپنی رائے روانہ کردیں۔
بورڈ ارکان نے اپیل کی ہے کہ اگر آپ راست لاء کمیشن کو اپنی رائے روانہ کررہے ہیں تو ایسی صورت میں اس کی کاپی بورڈ کو ضرور روانہ کریں۔