
ناگپور (پی ٹی آئی) چیف منسٹر دیویندر پھڈنویس اور ان کے درمیان بڑھتے اختلافات کی قیاس آرائیوں کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے جمعہ کے روز کہا کہ کسی کو بھی انھیں ہلکے میں نہیں لینا چاہیے اور ایم وی اے حکومت کے زوال کا درپردہ حوالہ دیا۔
انھوں نے ناگپور میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اُن لوگوں کے لیے وارننگ تھی جو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے تھے، تاہم بعد ازاں ایک اور تقریب کے دوران انھوں نے کہا کہ ان کے اور پھڈنویس کے درمیان کوئی سرد جنگ نہیں چل رہی ہے۔
شنڈے نے بظاہر اُدھو ٹھاکرے زیرقیادت مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے خاتمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2022ء میں، میں نے ان لوگوں کی گاڑی کو گرا دیا جنھوں نے مجھے ہلکے میں لیا تھا اور ہم نے ایک نئی حکومت لائی جو لوگوں کے دل میں رہی۔ اُس وقت ایکناتھ شنڈے، ٹھاکرے کی زیرقیادت سینا میں پھوٹ ڈالنے کے بعد اور بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے چیف منسٹر بن گئے تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ڈبل انجن حکومت (شنڈے کی سربراہی میں) پوری رفتار سے چلی اور میں نے اور دیویندر پھڈنویس نے کہا تھا کہ ہم 200 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے۔ ہم نے (2024 کے اسمبلی انتخابات میں) 232 سیٹیں جیتیں۔ انھوں نے کہا مجھے ہلکے میں نہ لیں۔ یہ اشارہ اُن لوگوں کے لیے کافی ہے جو اسے سمجھتے ہیں۔
میں اپنا کام کرتا رہوں گا۔ اگرچہ کہ شنڈے اور پھڈنویس دونوں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اُن کے درمیان کوئی اختلاف ہے، لیکن حالیہ واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے درمیان تناؤ بڑھ رہا ہے۔