
حیدرآباد: نامپلی کے اے آئی ایم آئی ایم رکن اسمبلی ماجد حسین اور 108 ایمبولنس کے عملہ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لفٹ میں پھنسے ایک پانچ سالہ بچہ کی جان بچائی۔
یہ واقعہ شانتی نگر کے مافر اپارٹمنٹ میں پیش آیا، جو ہاکی گراؤنڈ کے سامنے واقع ہے۔ آرنَو نامی پانچ سالہ بچہ چوتھی منزل پر تھا جب وہ اچانک لفٹ میں پھنس گیا۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر نامپلی کے ایم ایل اے محمد ماجد حسین کو اطلاع دی، جس پر وہ فوراً موقع پر پہنچے۔
انہوں نے پولیس کی مدد سے 108 ایمبولینس کو اطلاع دی، جس کے بعد 108 ایمبولینس کے ای ایم ٹی تاجد الدین اور پائلٹ سریش نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچہ کو لفٹ سے باہر نکالا اور سی پی آر دیتے ہوئے نیلوفر اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے فوری طور پر بہتر علاج فراہم کیا، جس سے بچے کی جان بچ گئی۔ اس بہادری اور تیز کارروائی پر ایم ایل اے محمد ماجد حسین نے 108 ایمبولینس عملہ اور ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی۔