خوشگوار تفریحی سفر کا افسوسناک انجام، نوجوان خاتون ڈاکٹر دریائے تنگبھدرا میں ڈوب کرفوت (ویڈیو وائرل)

حیدرآباد: ایک خوشگوار تفریحی سفر افسوسناک سانحے میں تبدیل ہوگیا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون ڈاکٹر اپنے دوستوں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے کرناٹک گئیں، لیکن بدقسمتی سے وہ دریا میں ڈوب کر جان کی بازی ہار گئیں۔ یہ دلخراش واقعہ کرناٹک کے ضلع کوپّل میں پیش آیا۔

27 سالہ ڈاکٹر اننیا موہن راؤ، جو حیدرآباد میں مقیم تھیں، اپنے دوستوں کے ساتھ کرناٹک کے مختلف خوبصورت مقامات کی سیر کے لیے نکلی تھیں۔ منگل کی رات وہ سناپور گاؤں کے ایک گیسٹ ہاؤس میں قیام پذیر ہوئیں۔ چہارشنبہ کے روز دوپہر کے وقت وہ دریائے تنگبھدرا کے کنارے پہنچیں، جہاں انہوں نے تیرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر اننیا نے تقریباً 25 فٹ اونچی ایک چٹان سے دریا میں چھلانگ لگائی اور تیرنے کی کوشش کی، لیکن پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے وہ قابو نہ رکھ سکیں اور بہہ گئیں۔ ان کے دوستوں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر ناکام رہے۔ فوری طور پر پولیس اور مقامی حکام کو اطلاع دی گئی۔

ریسکیو ٹیموں نے غوطہ خوروں اور فائر بریگیڈ کی مدد سے اننیا کی تلاش شروع کی، لیکن بدقسمتی سے شام تک ان کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ جمعرات کی صبح ان کی لاش دریا سے برآمد ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق، ڈاکٹر اننیا حیدرآباد کے وی کے سی (VKC) اسپتال میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔

اس حادثہ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں دریا میں چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے ان کے اہلِ خانہ اور دوستوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *