
نئی دہلی: راجستھان کے ضلع جھنجھنو کے گووند داس پور گاؤں میں مقامی عوام کی دھمکیوں کے بعد ایک دلت دلہے کی بارات سخت سیکوریٹی انتظامات میں نکالی گئی۔ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق کوئیک ری ایکشن ٹیم اور پولیس کے 60 سے زیادہ جوانوں نے پہرہ دیا۔
دلہا راکیش ایک گھوڑی پر سوار تھا اور اپنے ہاتھوں میں بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر اٹھائے ہوئے تھا۔ آبزرور پوسٹ نے پولیس کے حوالہ سے بتایا ”ہمیں یہ شکایت موصول ہوئی تھی کہ راکیش کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر وہ بارات کے دوران گھوڑی پر بیٹھا تو اسے تشدد کا سامنا کرنا پڑے گا۔
میہیرا پولیس اسٹیشن کے انچارج بھجن رام نے بتایا کہ ہم نے کئی افراد کو حراست میں لیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ بارات پُرامن رہے۔
راکیش کے خاندان نے بتایا کہ چند اعلیٰ ذات کے نوجوانوں نے دھمکیاں دی تھیں اور راکیش کو گھوڑی نہ چڑھنے کی وارننگ دی تھی۔ سماجی ظلم کے آگے نہ جھکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے راکیش کے خاندان نے مقامی حکام سے مدد طلب کی۔
ضلع انتظامیہ نے 60 پولیس ملازمین اور چند سینئر عہدیداروں کو تعینات کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بارات نکالے جانے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔