
ریاض ۔ کے این واصف
مملکت میں ایک عرصہ سے سیاحتی شعبہ پر بھر پور توجہ کے ثمر سامنے آنے لگے ہیں جس کا ثبوت ایک اور حالیہ سروے سے ملتا ہے۔ غیرملکی سیاحوں کا سعودی عرب میں ہونے والی ترقی کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ بات واضح طور پر محسوس کی جا سکتی ہے کہ سعودی عرب ایک عالمی طاقت کے طورپر ابھر رہا ہے جو یقینی طور پر خوش آئند ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی سیاح نے کہا کہ میں اکنامک سٹی گیا تو یہ دیکھ کر مسرت ہوئی کہ مملکت نے غیرمعمولی ترقی کی ہے، مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میں 10 برس آگے (مستقبل) میں پہنچ گیا ہوں۔
ریاض میں منعقد بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لئے آئی ایک اورامریکی خاتون کا کہنا تھا کہ اس سے قبل 10 مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کر چکی ہوں۔ ماضی کو دیکھ کر یہ کہہ سکتی ہوں کہ اب ہونے والی ترقی غیرمعمولی اور حیران کن ہے۔
ایک اور سیاح کا کہنا تھا کہ ’پچھلے برس سعودی عرب آنا ہوا تھا وہ تجربہ کافی دلکش تھا اسی لیے اب دوبارہ آیا ہوں اور ایکسپو 2030 میں بھی ضرور شرکت کروں گا۔
ایک چینی خاتون سیاح کا کہنا تھا کہ 2030 تک ہمارے سامنے ابھی بہت کچھ آئے گا۔ مجھے سعودی حکومت اور اس کے عوام کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ اپنے مقررہ اہداف بآسانی حاصل کر لیں گے۔