[]
حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کما رریڈی نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کی صرف لہر نہیں چل رہی ہے بلکہ سیلاب امنڈآئے گا اور کانگریس کے سیلاب میں بی آر ایس کا صفایا ہوجائے گا۔ وہ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں آئے دن بی آ رایس اور بی جے پی کے قائدین و کارکنوں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ مجوزہ انتخابات کیلئے کانگریس پارٹی کے ٹکٹ کے حصول کیلئے دعویداروں کا جو جوش وخروش سامنے آیا ہے اس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔
اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں گروہا لکشمی اسکیم، ایک کروڑ خواتین کو ماہانہ 2ہزارروپے امداد کی مذہبی، غریبوں کو ماہانہ 200 برقی یونٹ کی مفت سربراہی، خواتین کوبسوں میں مفت سفر کی سہولت، انا بھاگیہ اسکیم کے تحت فی کس 5کیلو چاول کی سربراہی کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ مسلمانوں کو12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ آج تک پورا نہ ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور ہم راہول گاندھی اور کانگریس پارٹی کے ان تمام وعدوں کو پورا کریں گے جو انتخابات کے دوران عوام سے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آنے پر ملازمین کی خواہش کے مطابق اولڈ پنشن اسکیم بحال کریں گے۔ ضعیف، بیواؤں اور معذورین کے ماہانہ وظیفہ کو بڑھا کر4ہزار روپے کردیا جائے گا۔
کسانوں کے قرض کی معافی،500 روپے ہیں گیاس سلنڈر کی فراہمی، علاج کیلئے 5لاکھ کاپیاکیج اور مکان کی تعمیر کیلئے5لاکھ روپے کی فراہمی اسکیمات کو روبعمل لایا جائے گا۔
پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق سوال پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اودے پور ڈیکلریشن کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کا عمل بہت جلد شروع ہوجائے گا۔