مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق فلسطینی مقاومتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ٹرمپ اور صہیونی وزیراعظم کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے ہفتے کے روز تمام یرغمالیوں کو رہا کرنے سے انکار کیا ہے۔
تنظیم کے رہنما سامی ابوزہری نے کہا کہ حماس اپنے عہد کی پابند ہے تاہم تمام یرغمالیوں کو ہفتے کے دن رہا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو تناؤ پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ ان بیانات کی وجہ سے قابض صہیونی اپنے معاہدوں پر عمل نہیں کررہے۔
ابو زهری نے اسرائیلی وزیر جنگ کے جنگ دوبارہ شروع کرنے کے بیانات کو غیر اہم اور احمقانہ قرار دیا اور کہا کہ ٹرمپ کی دھمکیاں بھی بے معنی ہیں اور حماس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے مصر اور قطر کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ان ممالک نے غاصب صہیونیوں کو اپنے عہد کی پابندی کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی ہے۔
ابو زهری نے عرب ممالک کے رسمی مؤقف کی تعریف کی اور کہا کہ غزہ کی پٹی کا انتظام فلسطینی مسئلہ ہے اور حماس کوئی بیرونی منصوبہ قبول نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے منگل کے دن اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ ملاقات میں کہا تھا کہ حماس کو تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہیے ورنہ تمام آپشنز میز پر ہوں گے۔