امام خمینی (رح) نے اسلامی انقلاب کو عوام کی حمایت سے آگے بڑھایا، آیت اللہ صدیقی

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے امام جمعہ  آیت اللہ کاظم صدیقی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ اسلامی انقلاب کا نمایاں ترین پہلو اس کا الہی حکومت ہونا ہے جو کہ جمہوریت اور اسلامیت کا حسین امتزاج ہے، امام راحل (رح) نے اس انقلاب کو عوام کے ساتھ مل کر آگے بڑھایا۔

 انہوں نے مزید کہا: امام خمینی کی آمد سے لوگوں میں عظیم تبدیلی آئی۔ وہ لوگ جو کبھی کسی پولیس کانسٹیبل سے ڈرتے تھے لیکن امام کے آنے بعد ٹینکوں کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے لگے اور دنیا بھر کی انقلابی تحریکوں کے متوالوں کے لئے ایک قیمتی آئیڈیل بن گئے۔ 

 تہران کے امام جمعہ نے کہا کہ اس انقلاب نے لوگوں میں یہ یقین پیدا کیا کہ وہ مشرق اور مغرب پر بھروسہ کئے بغیر اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب تیل اور تمباکو کی تحریک کی طرح نہیں تھا کہ جہاں مومنین کا خون بہا اور پاکیزہ مذہبی علماء نے تحریک برپا کی لیکن اس سے دوسروں نے فائدہ اٹھایا۔

  آیت اللہ صدیقی نے نئے امریکی صدر کی حالیہ گیدڑ بھبکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ دھمکیاں دیتے ہیں کہ وہ ایران کی ایٹمی طاقت، میزائل پاور  اور علاقائی اثر و رسوخ کو محدود کریں گے؛ لیکن اسے معلوم ہونا چاہئے  کہ جس طرح اس کے پیشرو یہ آرزو اپنی قبر میں لے گئے اسی طرح وہ بھی ناکام رہیں گے۔

  انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام اس بار 22 بہمن کے اجتماعات میں اپنی بھرپور موجودگی کے ذریعے ثابت کریں گے کہ ٹرمپ اور اس کے پیشرو اپنے منصوبوں میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *