File photo
بالی ووڈ کے اس گانے دولہے کے ڈانس۔ ناراض دلہن والوں نے شادی توڑ دی
نئی دہلی ۔ دہلی میں ایک شادی کی تقریب میں دولہے کی جانب سے دوستوں کی فرمائش پر بالی ووڈ کے مشہور گانے ’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ پر ڈانس کرنا دونوں خاندانوں کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دولہے کا ڈانس دیکھ کر دلہن کے والد نے ناراض ہو کر شادی توڑ دی۔
اکثر شادیوں میں فلمی گانوں پر دولہا اور دلہن کا ڈانس کرنا ایک عام بات بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس طرح کے کئی ویڈیوس دیکھے جا سکتے ہیں۔ ہم سب نے ایسے کئی وائرل ویڈیوس اور ریلز دیکھے ہیں، جن میں دولہا یا دلہن کو اپنی شادی میں ڈانس کرتے دیکھا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک خبر کے مطابق دہلی میں ایک دولہے کو اپنی شادی میں ڈانس کرنا مہنگا پڑ گیا۔ دولہے کے ڈانس سے دلہن کے والد نے ناراض ہو کر شادی توڑ دی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک انگریزی اخبار کی کٹنگ شیئر کی گئی ہے۔ اس خبر کی ہیڈلائن ہے: ’اپنے رشتہ داروں کا دل بہلانے کے لیے دولہے نے ’چولی کے پیچھے‘ گانے پر ڈانس کیا تو لڑکی کے والد نے شادی کینسل کر دی۔‘ اس خبر کے ساتھ لکھا گیا ہے ’مفت تفریح سب کو اچھی لگتی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں 18 جنوری کو ایک شادی کی تقریب میں کہا جاتا ہے کہ دولہے نے دوستوں کی فرمائش پر بالی ووڈ کے مشہور گانے ’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ پر ڈانس کیا دولہے کا ڈانس دیکھ کر دلہن کے والد نے ناراض ہو کر شادی توڑ دی۔
بینڈ کی دھنوں پر ناچتے ہوئے دولہے کے دوستوں نے اصرار کیا کہ وہ ان کے ساتھ مشہور گانے ’چولی کے پیچھے کیا ہے‘ پر ڈانس کرے۔ اس دوران کچھ مہمانوں اور خاندان کے اراکین نے ناچتے ہوئے دولہے کی حوصلہ افزائی کی لیکن اچانک وہاں پہنچنے والے دلہن کے والد کو اپنے ہونے والے داماد کی حرکتیں پسند نہیں آئیں۔ انہوں نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے جشن میں مداخلت کی۔ اس کے علاوہ دلہن کے والد نے دولہے کے ڈانس سے ناراض ہو کر شادی کی تقریب روک دی اور شادی منسوخ کر دی۔
رپورٹ کے مطابق دلہن کے والد نے غصے میں آ کر اپنی بیٹی کی شادی توڑتے ہوئے کہا کہ دولہے کی حرکات سے ان کے خاندان کے روایات کی توہین ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دلہن رونےلگی جبکہ دولہے نے دلہن کے والد کو سمجھانے کی کوشش کی تاہم اس کی کوششیں بے کار ثابت ہوئیں اور شادی منسوخ کر دی گئی۔