مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے قازقستان کے دورے کے دوران کرغزستان کے وزیرِاعظم سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر رضا عارف نے ایران اور کرغزستان کے درمیان ثقافتی و تاریخی مشترکات اور تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں تہران اور بشکیک کے تعلقات میں مسلسل بہتری آئی ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ایران کے نائب صدر نے کرغزستان کے وزیراعظم ادیلبک قاسمعلیاف سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علمی و تکنیکی میدان میں سنجیدہ تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایران اور کرغزستان کی شنگھائی تعاون تنظیم، اقتصادی تعاون تنظیم اور یوریشین یونین جیسے اہم علاقائی معاہدوں میں شرکت کو دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تبادلے کے فروغ پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض مغربی ممالک انسانی حقوق کو بطور ہتھیار استعمال کرکے اپنے حریفوں کو میدان سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں ایران اور کرغزستان کو بین الاقوامی فورمز پر اپنے مشترکہ مؤقف کو مضبوط کرنا چاہیے۔
اس موقع پر کرغزستان کے وزیرِاعظم نے ایرانی عوام اور حکومت کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی یوریشین اقتصادی یونین میں شمولیت ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس تنظیم کے تمام رکن ممالک ایران کے ساتھ ہمہ جہتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔