راہل گاندھی نے کہا کہ پہلے عقیدتمند بڑی تعداد میں جمنا ندی میں ڈبکی لگانے آیا کرتے تھے، اب گنتی کے لوگ آتے ہیں، وہ بھی اپنی صحت کو جوکھم میں ڈال کر۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی 29 جنوری کو اچانک دہلی سے بہنے والی جمنا ندی کا جائزہ لینے پہنچ گئے۔ اس دوران انھوں نے جو کچھ دیکھا، اور لوگوں سے جو بات چیت ہوئی، اس سے وہ بہت فکر مند نظر آئے۔ آج راہل گاندھی نے اپنے یوٹیوب چینل پر کل کیے گئے دورہ کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ جمنا ندی میں ہر طرف گندی ہے اور پانی میں جگہ جگہ سفید جھاگ پیدا ہو رہا ہے۔ جمنا کا جائزہ لینے کے بعد راہل گاندھی نے تلخ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ بھی میری طرح دہلی کے باشندہ ہیں تو جمنا جی کی بدحالی دیکھ کر تکلیف تو بہت ہوتی ہوگی۔‘‘
راہل گاندھی نے دورہ سے متعلق تذکرہ کرتے ہوئے ویڈیو کے ڈسکرپشن میں لکھا ہے کہ ’’کل صبح سویرے جمنا جی کے کنارے پہنچ کر وہاں مقامی باشندوں، کشتی رانوں اور جمنا کی حالت سے فکرمند سماجی کارکنان سے بات کی۔ کچرا، گندگی، بدبو اور سیویج سے بھری پڑی ہے جمنا۔ یعنی ندی تو کہیں بچی ہی نہیں ہے۔ تحقیق کرنے والوں کے مطابق ندی کا صاف پانی سیویج ٹریٹمنٹ کے لیے نکال کر سیویج کو ہی ندی میں ڈال دیتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پہلے عقیدتمند بڑی تعداد میں جمنا جی میں ڈبکی لگانے آیا کرتے تھے، اب گنتی کے لوگ آتے ہیں، وہ بھی اپنی صحت کو جوکھم میں ڈال کر۔‘‘
جمنا کی گندگی کو دیکھنے کے بعد راہل گاندھی دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’دہلی میں برسراقتدار ہونے کے بعد سے ہی کیجریوال کھوکھلے وعدے کرتے رہے ہیں۔ کہا تھا جمنا کو صاف کریں گے، میں ڈبکی لگاؤں گا ورنہ ووٹ مت دینا، اور نہ جانے کتنی لمبی لمبی تقریریں۔ اور آج پھر سے وہ جمنا کے پانی کی بوتل لیے بیٹھے ہیں الزام تراشیاں کرتے ہوئے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہ صرف جمنا جی کی بے عزتی نہیں، دہلی کی عوام کی زندگی کے ساتھ سالوں سے چل رہا کھلواڑ ہے۔ مودی اور کیجریوال حکومت کی لاپروائی و بدعنوانی کے سنگم کا نتیجہ ہے جمنا جی کی یہ خوفناک حالت۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔