مُدت اگروال کے والد اور کانگریس کے سینئر لیڈر جے پرکاش اگروال بھی علاقہ میں لوگوں سے ملاقات کر کے بیٹے کو انتخاب میں جیت دلانے کی اپیل کر رہے ہیں۔
نئی دہلی: کانگریس کے نوجوان اور باصلاحیت امیدوار مُدت اگروال نے پیر (27 جنوری) کو اپنے حلقہ اسمبلی چاندنی چوک کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انتخابی رابطہ مہم کے دوران علاقے میں ان کو لوگوں کا بھرپور پیار مل رہا ہے۔ وہ جہاں بھی جا رہے ہیں وہاں کے لوگ ایک زبان ہو کر ان کو جیت کا یقین دلا رہے ہیں۔ علاقے میں ان کو لوگوں کا جو اس قدر پیار مل رہا ہے اس کی ایک بڑی وجہ ان کے والد اور کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق رکن پارلیمنٹ جے پرکاش اگروال بھی ہیں۔ ان کے والد کے ذریعہ کیے گئے بہترین ترقیاتی کاموں کی آج بھی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی لوگوں کو امید ہے کہ جے پرکاش اگروال کی طرح ان کے فرزند مُدت اگروال بھی علاقہ کی ترقی میں تیزی لائیں گے۔
مُدت اگروال نے انتخابی مہم کے دوران لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ چاندنی چوک حلقہ اسمبلی کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ساتھ ہی وہ اپنے عزم ’بنائیں گے نیا چاندنی چوک‘ کو بھی دہرا رہے ہیں۔ عوامی رابطہ مہم کے دوران مُدت اگروال پیر کو صبح پیلی کوٹھی، نیا بازار، کھاری باؤلی، اس کے بعد جامع مسجد علاقہ کے قریب جگت سینما اور شام کو فوارہ چھوٹی سرائے، لاجپت رائے مارکیٹ اور بھگیرتھ پلیس پہنچے۔ انتخابی رابطہ مہم کے دوران لوگوں نے مُدت اگروال کا پھول مالاؤں سے استقبال کیا اور انہیں اسمبلی انتخاب میں واضح اکثریت دینے کا وعدہ بھی کیا۔ ساتھ ہی لوگوں نے موجودہ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کے حوالے سے ناراضگی بھی جتائی اور اپنے مسائل سے آگاہ بھی کرایا۔ رابطہ مہم کے دوران مُدت اگروال کے ساتھ کافی تعداد میں کانگریس کارکنان اور علاقے کے اہم لوگ شامل تھے۔ اس کے علاوہ مُدت اگروال کے والد اور کانگریس کے سینئر لیڈر جے پرکاش اگروال بھی علاقہ میں لوگوں سے ملاقات کر کے بیٹے کو انتخاب میں جیت دلانے کی اپیل کر رہے ہیں۔
رابطہ مہم کے دوران کانگریس امیدوار مُدت اگروال نے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں میں دہلی کی جو بدحالی اور بربادی ہوئی ہے اس میں کیجریوال اور بی جے پی دونوں کا ہاتھ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ کے اسمبلی انتخاب میں عوام میں ان دونوں پارٹیوں کے حوالے سے خاصا ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دہلی کے لوگ بے روزگاری، مہنگائی، خراب سڑکیں، گندگی اور کوڑے کے ڈھیروں سے نجات حاصل کرنے کے لیے اور دہلی میں بدلاؤ لانے کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال نے پچھلے 10 سالوں میں عوام سے جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ جامع مسجد اور پرانی دہلی کے لوگ آج بھی پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ علاقے میں باقاعدگی سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں۔ سیور اوور فلو ہونے کی وجہ سے گلیوں میں گندا پانی بہتا رہتا ہے۔ مدت اگروال نے آگے کہا کہ سڑک اتنے خراب ہیں کہ ہمیشہ حادثے کا خدشہ لاحق رہتا ہے۔ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی بدعنوان اور تاناشاہ حکومت سے پریشان عوام کے لیے کانگریس ہی ایک بہتر آپشن ہے۔ ساتھ ہی مُدت اگروال نے کہا کہ علاقے میں صاف پانی، مفت بجلی، بہتر علاج، گندگی سے چھٹکارا، آلودگی سے راحت، عالمی سطح کی ترقی، نوجوانوں کو روزگار اور خواتین کی مدد کانگریس حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔