نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے درمیان کانگریس پارٹی نے عام آدمی پارٹی (عآپ) کی حکومت پر شراب پالیسی سے منسلک سنگین الزامات عائد کیے ہیں اور ایک مبینہ آڈیو کلپ جاری کیا ہے۔ کانگریس کے مطابق، اس آڈیو میں نریلا سے عآپ کے موجودہ ایم ایل اے اور امیدوار شرد چوہان اپنی ہی پارٹی کے شراب گھوٹالے کے بارے میں اعتراف کرتے سنائی دے رہے ہیں۔
دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کانگریس کمیونیکیشن شعبے کے سربراہ پون کھیڑا اور دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے ایک منٹ 37 سیکنڈ کا آڈیو کلپ پیش کیا۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ یہ آڈیو شرد چوہان کی کسی سے گفتگو پر مبنی ہے، جس میں وہ بتا رہے ہیں کہ پارٹی کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے شراب پالیسی لائی گئی اور اسے کس طرح عملی جامہ پہنایا گیا۔