نئی دہلی: دہلی میں ہفتہ کی رات ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جب ایک نوجوان، جو اپنی شادی کے کارڈ تقسیم کرنے کیلئے نکلا تھا، کار میں آگ لگنے سے اُس کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ غازی پور کے بابا بینکوئٹ ہال کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق، کار میں لگنے والی آگ کے باعث متاثرہ شخص زندہ جل گیا۔ جائے وقوعہ سے ملنے والی تصاویر کے مطابق ویگن آر مکمل طور پر جل چکی ہے، خاص طور پر ڈرائیور کی سائیڈ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ نوجوان، جو گریٹر نوئیڈا کے نوادہ علاقہ کا رہائشی تھا، 14 فروری کو شادی کرنے والا تھا۔ نوجوان کے بڑے بھائی نے بتایا، “وہ دوپہر کو شادی کے کارڈ تقسیم کرنے نکلا تھا۔ جب وہ رات گئے تک واپس نہیں آیا تو ہم نے اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن اس کا فون بند تھا۔ رات تقریباً 11 بجے پولیس نے ہمیں اس المناک حادثے کی اطلاع دی۔”
متاثرہ کے بہنوئی یوگیش نے کہا کہ انیل اور وہ ایک ساتھ کام کرتے تھے۔ یوگیش کے مطابق، “انیل کی شادی 14 فروری کو میری بہن سے ہونی تھی۔ ہمیں اس حادثے کی خبر رات کو ملی، لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کار میں آگ کیسے لگی۔”
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کے لاجپت نگر علاقے میں گزشتہ ماہ ایک شخص نے پارکنگ کے تنازعے پر اپنے پڑوسی کی کار کو آگ لگا دی تھی۔ مرکزی ملزم راہول بھسین نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر گاڑی کو آگ لگائی، جس کا منظر سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔ یہ افسوسناک حادثہ دہلی میں کاروں میں آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرے کو اجاگر کرتا ہے اور مزید تحقیق کا متقاضی ہے۔