منجوویرٹّو پروگرام میں نادوویکوٹّئی کیلا اوندھی پٹی گاؤں کے تنیش راجہ اپنا بیل لے کر آئے تھے، اکھاڑے سے بھاگتے وقت کمبنور میں ایک کھیت کے کنویں میں گرنے سے بیل اور تنیش کی موت ہو گئی۔
تمل ناڈو میں کانوم پونگل کے دن منعقد تفریح اور جوکھم سے بھرے کھیل ’جلّی کٹّو‘ کے دوران 7 لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جلّی کٹّو اور منجوویرٹّو پروگرام میں نہ صرف 7 لوگوں کی موت ہو گئی، بلکہ الگ الگ واقعات میں 2 بیلوں کی بھی جان چلی گئی۔ ایک بیل کی موت پودوکّوٹّئی کی تقریب میں ہوئی۔ ان تقاریب میں کم از کم 220 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایک واقعہ کے تعلق سے پولیس نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ شیوگنگا کے سراوائل میں منجوویرٹّو پروگرام میں نادوویکوٹّئی کیلا اوندھی پٹی گاؤں کے تنیش راجہ اپنا بیل لے کر آئے تھے۔ اکھاڑے سے بھاگتے وقت کمبنور میں ایک کھیت کے کنویں میں گرنے کے سبب بیل اور تنیش راجہ کی موت ہو گئی۔ اپنے بیل کو بچانے کے لیے تنیش راجہ کنویں میں کود گئے، لیکن پانی میں ڈوبنے کے سبب دونوں کی موت ہو گئی۔ دیوکوٹّئی کے ایک ناظر سبّیا کو بیل نے سینگ مار دیا اور اسپتال لے جانے کے دوران اس کی موت ہو گئی۔
پولیس نے ایک دیگر واقعہ کے بارے بتایا کہ واڈی پٹی کے پاس میٹّو پٹی گاؤں کے 55 سالہ ناظر پی پیریاسامی کو مدورئی کے النگ نلّور میں ایک بیل نے گردن میں سینگ مار دی۔ انھیں مدورئی کے راجہ جی سرکاری اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ اس بیل نے کئی لوگوں پر حملہ کیا، جس میں کم از کم 70 افراد زخمی ہو گئے۔ تیروچیراپلّی، کرور اور پودوکوٹّئی ضلعوں میں جلّی کٹّو پروگرام کے دوران بیل نے ناظرین پر حملہ کر دیا۔ اس نے دو ناظرین کو سینگ مار دیا اور بیل کے مالک سمیت 148 افراد زخمی ہو گئے۔
اسی طرح کا ایک واقعہ پودوکوٹّئی میں بھی پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پودوکوٹّئی میں منعقد جلّی کٹّو میں کیرنور کے پاس اوڈوگم پٹی کے سی. پیرومل کو بیل نے سینگ مار دیا جس سے ان کی موت ہو گئی۔ اس پروگرام میں کم از کم 19 افراد زخمی ہوئے۔ ایروتھو ودوم وجھا پروگرام میں بھی ایک 30 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ یہ بیلوں کی ایک دوڑ ہے۔ علاوہ ازیں سلیم ضلع میں بیل کے حملے میں ایک 45 سالہ شخص کی جان چلی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔