مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ٹیلفونک گفتگو کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے اور دیگر مشترکہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران عراقچی نے جنگ بندی کے معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ غزہ کے عوام اور مزاحمتی قوتوں کی 15 ماہ کی استقامت کے نتیجے میں یہ معاہدہ ممکن ہوا۔
انہوں نے قطر کی کوششوں کو سراہا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے عوام کی زندگی بہتر بنانے، فوری انسانی امداد کی فراہمی، بے گھر افراد کی بحالی اور اسرائیلی جارحیت سے ہونے والی تباہی کی تعمیر نو کے لیے اقدامات کرے۔
اس موقع پر قطر کے وزیر خارجہ نے جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات پیش کیں اور خاص طور پر پچھلے 15 ماہ کے دوران فلسطین کے عوام کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولی موقف کو سراہا۔