بھیلواڑہ: راجستھان میں بھیلواڑہ ضلع کے منڈل تھانہ علاقے میں دھولکھیڑا کے نزدیک آج ایک مسافر بس الٹ جانے سے 20 سے زیادہ مسافر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ بس اتر پردیش کے جھانسی سے چاردھام یاترا کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ اس میں اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے 52 مسافر سوار تھے۔
اتوار کو اجین میں مہاکالیشور کا دورہ کرنے کے بعد تمام مسافر شام چھ بجے بس سے پشکر کے لیے روانہ ہوئے۔ پیر کی صبح تقریباً 4 بجے منڈل تھانہ علاقہ کے دھولکھیڑا پلیا پر ایک ڈمپر کو عبور کرنے کے دوران بس بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر پر الٹ گئی۔
واقعہ کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ حادثے میں 20 مسافر زخمی ہوگئے، جب کہ کچھ لوگوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔
20 زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جب کہ معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ دیگر مسافروں کو نزدیک ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔
زخمی مسافروں میں جیون لال پٹوی (66) ، مہیش اوستھی (70) ، منا پٹوا (58) ، راجکماری ساہو، ممتا گپتا، ودیا والمیکی، سودھا ساہو، دیمنتی گپتا، انیتا پٹوا، سنہلتا سین، انشیکا پٹوا، منی کشواہا، ممتا وشوکرما، ہری موہن کشواہا، مینا گپتا، سمن لوہار، بنمالی، پورن کشواہا اور مہیپ سنگھ ٹھاکر ہرش پورہ شامل ہیں۔