[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق عراقی سیکورٹی ذرائع نے المعلومہ نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حشد الشعبی فورسز کو شام کے ساتھ سرحدی علاقوں بالخصوص صوبہ الانبار کے مغرب میں وسیع پیمانے پر تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حشد الشعبی فورسز اس ملک کے ساتھ مشترکہ سرحدی پٹی میں اسی وقت تعینات ہیں جب قابض امریکی فوج کے جنگی طیارے القائم کراسنگ پر شام کی طرف مشکوک پرواز کر رہے ہیں۔
اس سیکورٹی ذریعہ نے واضح کیا کہ مذکورہ بالا سکیورٹی اقدامات حشد الشعبی فورسز کے کمانڈروں کے منصوبے کے فریم ورک کے تحت کئے گئے ہیں تاکہ ان سکیورٹی خامیوں کو دور کیا جا سکے جنہیں دہشت گرد عناصر شام کی سرزمین پر امریکی افواج کے حملے کی صورت میں استعمال کرتے ہیں۔
اس سے قبل صوبہ الانبار کے ایک اہلکار نے بتایا تھا کہ درجنوں بڑے امریکی طیارے الانبار کے مغرب میں عین الاسد ایئر بیس پر اترے ہیں۔ عراق کے سیاسی تجزیہ کار صباح العکیلی نے اس سے قبل اس بات پر زور دیا تھا کہ حشد الشعبی فورسز عراق اور خطے میں امریکی فوج کی موجودگی کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق کے اندرونی معاملات حکومت اور پارلیمنٹ کے ذریعے چلتے ہیں اور حشد الشعبی تنظیم کو اپنے مطالبات کے مطابق تحلیل کرنے کی امریکی کوششیں بے سود ثابت ہوں گی خاص طور پر چونکہ اس ملک کی پارلیمنٹ نے حشد الشعبی کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ حشد الشعبی تنظیم عراق کے سیکورٹی اداروں میں سے ایک ہے۔ العکیلی نے کہا کہ امریکیوں نے داعش کے خلاف فتح حال کرنے والے کمانڈروں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا اور آج بھی وہ حشد الشعبی فورسز سے انتقام لینے کی کوشش کر رہے ہیں جو کہ واشنگٹن کی حمایت یافتہ داعش کے دہشت گردوں کے خلاف فتح حاصل کرنے کا اہم عنصر ہیں۔
حشد الشعبی کے جوانوں نے عراق اور خطے میں امریکی فوجیوں کو ہمیشہ تشویش اور خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔
عراق میں دہشت گرد عناصر کے خلاف لڑنے کے علاوہ حشد الشعبی فورسز ہمیشہ اس ملک میں مذہبی تقریبات خاص طور پر اربعین حسینی (ع) کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
حشد الشعبی فورسز کے کمانڈر محمد التمیمی نے اعلان کیا ہے کہ ایرانی زائرین اربعین حسینی (ع) کا پہلا قافلہ دیالہ کے مشرق میں واقع المنذریہ کراسنگ میں داخل ہو گیا ہے اور حشد الشعبی کی دیالہ یونٹ کی کمان نے المنذریہ سے بعقوبہ کے شمال مشرق میں واقع المقدادیہ کے 40 کلومیٹر تک اور آس پاس کے علاقوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے سکیورٹی کلیئرنس آپریشن شروع کیا ہے۔