کانگریس حکومت میں نظم وضبط کی صورتحال انتہائی ابتر
جینور فسادمتاثرین کو فی الفور معاوضہ فراہم کیاجائے۔
آصف آباد میں کویتا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے آج کہاکہ بی آرایس کے دورحکومت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورگنگا جمنی تہذیب کے فروغ کےلئے نمایاں خدمات انجام دی گئیں۔کے سی آر کا دورحکومت فسادات سے پاک رہا۔
ساڑھے نو سالہ دورحکومت میں کبھی کرفیو نافذ کرنے کی نوبت نہیں آئی۔ اس کے برخلاف کانگریس کے ایک سالہ دوراقتدار میں ہی ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگاجمنی تہذیب کو شدید نقصان پہنچاہے۔وہ رکن اسمبلی آصف آباد کے لکشمی کی رہائش گاہ پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات کررہی تھیں۔ اس موقع پر تمام طبقات کے افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
کے کویتا نے جینور فسادات کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نظم وضبط کی برقراری میں بالکلیہ طور پر ناکام ہوچکی ہے۔کویتا نے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیاکہ جینور فساد متاثرین کو فی الفور معاوضہ فراہم کیاجائے۔انہوںنے کہاکہ کانگریس حکومت نظم وضبط کی برقراری پر خصوصی توجہ مرکوز کرے۔جینور فسادات کی جامع تحقیقات کی جائے اور خاطیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔انہوں نے کہاکہ مہذب معاشرے میں تشدد کےلئے کوئی جگہ نہیں ہوتی
۔انہوں نے تمام طبقات سے خواہش کی کہ وہ ایک دوسرے کے جذبات اور احساسات کا احترام کرے ۔تلنگانہ کی گنگاجمنی تہذیب کو برقرار رکھیں۔امن کے بغیر ترقی کا تصور محال ہے۔کے کویتا نے پرزورانداز میں کہاکہ بی آرایس پارٹی عوام کی فلاح وبہبود کے ساتھ ساتھ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ‘قومی یکجہتی ‘گنگاجمنی تہذیب اور آپسی بھائی چارہ کے فروغ کےلئے پابند عہد ہے۔