حیدرآباد ۔ حیدرآباد کی رام گوپال پیٹ پولیس فلم اداکار الو ارجن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا ہے کہ وہ سکندرآباد کے کمس ہاسپٹل میں زیر علاج شری تیج کی عیادت کے لیے نہ آئیں۔
شری تیج، جو سندھیا تھیٹر بھگدڑ واقعہ میں شدید زخمی ہوا تھا اس وقت کمس ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ الو ارجن کی ممکنہ آمد کی اطلاعات کے پیش نظر پولیس نے نوٹس میں کہا ہے کہ اگر وہ عیادت کے لیے آتے ہیں تو ان کی تجاویز پر عمل کیا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں ذمہ داری الو ارجن پر عائد ہوگی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب الو ارجن کی فلم ‘پشپا 2’ کی تشہیر کے دوران سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجہ میں ایک 39 سالہ خاتون کی موت اور ان کا نو سالہ بیٹا شری تیج شدید زخمی ہوگیا۔ اس حادثہ کے بعد پولیس نے الو ارجن ان کی سکیورٹی ٹیم اور تھیٹر کے انتظامی عملہ کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ ابتدائی طور پرعدالت نے اداکار کو 14 دن کی پولیس حراست میں بھیجا لیکن چند گھنٹوں بعد ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔ انہوں نے ایک رات چنچل گوڑہ جیل میںگزاری۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کا مقصد ہاسپٹل میں امن و امان کو برقرار رکھنا اور مزید کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنا ہے۔ الو ارجن کے مداحوں کی بڑی تعداد کی موجودگی ہاسپٹل کے معمولات میں خلل ڈال سکتی ہے، جس سے دیگر مریضوں اور عملہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے پولیس نے اداکار
کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شری تیج کی عیادت کے لیے شخصی طور پر نہ آئیں اور دیگر مناسب ذرائع سے اپنی ہمدردی کا اظہار کریں۔