گجرات میں۔ زلزلے کے جھٹکوں سے عوام خوفزدہ

گجرات کے کَچھ میں زلزلہ کے جھٹکے  ج

نئی دہلی ۔ ریاست گجرات کے کَچھ میں زلزلہ کے تازہ جھٹکوں نے ایک بار پھر لوگوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کر دیا۔ آج شام 4 بج کر 37 منٹ پر محسوس کیے گئے ان جھٹکوں کی شدت 3.8 ریکٹر اسکیل پر درج کی گئی۔ زلزلہ کا مرکز دودھئی کے قریب تھا جہاں لوگ خوف کے عالم میں  گھروں سے باہر نکل آیے۔

 

آئی ایس آر (انسٹی ٹیوٹ آف سیسمولوجیکل ریسرچ) کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق زلزلے کا مرکز دودھئی سے تقریباً 28 کلومیٹر شمال-شمال مغرب میں تھا۔ زلزلے کے یہ جھٹکے علاقے میں ایک ہفتے کے دوران ہونے والے کئی دیگر زلزلوں کی کڑی کا حصہ ہیں جس کی وجہ سے لوگوں میں بے چینی اور اضطراب بڑھ گیا ہے۔ 3 جنوری کی شام کو سوراشٹر میں 2.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی دن شام 4 بج کر 16 منٹ پر 2.8 شدت کے جھٹکے کَچھ کے راپر علاقے میں محسوس کیے گئے تھے۔

 

یکم جنوری کو نئے سال کے پہلے دن صبح 10 بج کر 24 منٹ پر 3.2 شدت کا زلزلہ آیا جس کا مرکز کَچھ کے بھچاؤ کے قریب تھا۔ پھر اسی دن شام کو 8 بج کر 39 منٹ پر سوراشٹر کے تلالا علاقے میں 2.6 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ اس سے پہلے 29 دسمبر کو صبح کے وقت کَچھ کے بھچاؤ کے قریب 3.2 شدت کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے تھے۔

 

 

زلزلے کے جھٹکوں نے لوگوں کو خوفزدہ کر دیا اور وہ اپنے گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔ اگرچہ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی لیکن مسلسل جھٹکے لوگوں کے لیے ذہنی تناؤ کا باعث بن رہے ہیں۔

 

زلزلے کے ان پے در پے واقعات نے انتظامیہ کو چوکنا کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور زلزلے سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی پلان تیار کیا جا رہا ہے۔  کَچھ اور سوراشٹر کے مقامی افراد ان جھٹکوں سے مسلسل پریشان ہیں۔ ماہرین زلزلے کی وجوہات اور ممکنہ حفاظتی اقدامات پر تحقیق کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو اس قدرتی آفت سے بہتر طریقے سے نمٹنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *