چین میں HMPV وائرس کا پھیلاؤ: تلنگانہ حکومت کی چوکسی اور احتیاطی تدابیر
حیدرآباد: چین میں HMPV وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تلنگانہ حکومت نے فوری طور پر چوکسی اختیار کی ہے۔ محکمہ صحت نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فلو کی علامات ظاہر ہونے پر ماسک پہنیں اور ہجوم سے دور رہیں۔ خوش قسمتی سے تلنگانہ میں ابھی تک HMPV وائرس کا کوئی کیس ریاست میں رپورٹ نہیں ہوا ہے لیکن حکومت نے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق HMPV وائرس کی علامات عام فلو اور دیگر سانس کے انفیکشن سے ملتی جلتی ہیں جس میں کھانسی، بخار، زکام اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔ یہ وائرس شدید متاثرہ افراد میں برونکائٹس اور نمونیا کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ علامات ظاہر ہونے میں تین سے چھ دن لگ سکتے ہیں جس کی وجہ سے یہ وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے۔
تلنگانہ حکومت اور طبی ماہرین نے عوام کو مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، ہاتھوں کو صابن اور پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک دھوئیں۔ بغیر دھوئے ہوئے ہاتھوں سے چہرے، خاص طور پر آنکھوں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں۔متاثرہ افراد سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
کھانستے اور چھینکتے وقت ماسک پہنیں یا اپنی ناک اور منہ کو ڈھانک لیں، اس کے بعد ہاتھ ضرور دھوئیں۔ متاثرہ افراد کو اپنا ذاتی سامان دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔اگر علامات ظاہر ہوں تو ہجوم میں جانے کے بجائے گھر پر رہیں اور آرام کریں تاکہ دوسروں کو وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تلنگانہ حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ریاست میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں محکمہ صحت نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر طبی مشورہ حاصل کریں۔
یہ احتیاطی تدابیر نہ صرف وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ عوام کو محفوظ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔