عاصم احمد خان اپنے دور میں کئے گئے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ سابقہ اور موجودہ رکن اسمبلی شعیب اقبال نے علاقہ کے لئے کچھ نہیں کیا اور علاقے کے عوام چاہتے ہیں کہ وہ یعنی عاصم احمد خان نے جو کام اپنے دور میں کئے ہیں، اس سلسلہ کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے علاقہ کا پانی کا مسئلہ حل کیا تھا اور عوام کو کس طرح سے ان کے مسائل سے راحت دلائی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شعیب اقبال کی خامی یہی ہے کہ جیتنے کے بعد انہوں نے کبھی علاقہ پر توجہ نہیں دی، جس کو لے کر ان کے اور ان کے اہل خانہ کے خلاف لوگوں میں زبردست غصہ ہے اور یہی ان (عاصم خان) کی جیت کی ضمانت ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ابھی تک کے انتخابی دوروں کی بنیاد پر یہ واضح نظر آ رہا ہے کہ دہلی میں پچھڑے اور خاص طور سے اقلیتی طبقہ میں کانگریس کا رجحان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی کے لئے عوام کے دل میں ایک خاص مقام ہے کیونکہ دہلی میں کیجریوال اور مرکز میں بی جے پی کی حکومتوں کے کاموں کو عوام نے دیکھ لیا ہے اور دونوں ہی صرف ڈرامہ کرتی ہیں۔