حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی کے کارگذارصدر وتلنگانہ کے سابق وزیربلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ کو 7 جنوری کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہونے کی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ یہ نوٹس فارمولہ ای ریس کیس سے متعلق ہے، جس میں 45 کروڑ روپے کی ایک غیر ملکی ادارے کو منتقلی کا معاملہ زیر دوراں ہے۔
اس کیس میں، ای ڈی نے پہلے مسٹرراوکو سمن جاری کیے تھے اور اے آئی ایس عہدیدار اروند کمار، سابق پرنسپل سکریٹری بلدی نظم ونسق وشہری ترقی اور بی ایل این ریڈی سابق چیف انجینئر حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو 2 اور 3 جنوری کو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ای ڈی، منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ایک ایف آئی آر کی بنیاد پر جانچ کر رہی ہے، جو اینٹی کرپشن بیورو نے 2023 میں حیدرآباد میں فارمولہ ای کار ریس کے انعقاد میں مبینہ مالی بے قاعدگیوں کے سلسلے میں درج کی تھی۔ مرکزی جانچ ایجنسی یہ بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا 45 کروڑ روپے فارمولہ ای آرگنائزرز ایک غیر ملکی کمپنی، کو منتقل کرنے میں فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
اے سی بی کی جانب سے 19 دسمبر کو تارک راما راوکے خلاف دائر ایف آئی آر پر کارروائی کرتے ہوئے، ای ڈی نے 20 دسمبر کو منی لانڈرنگ کیس درج کیا۔ یہ ایف آئی آربدعنوانی کے روک تھام ایکٹ اورتعزیرات ہند کی دفعات 409 (اعتماد شکنی) اور 120بی (فوجداری سازش) کے تحت درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آرمیں تارک راما راوکو اصل ملزم کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جب کہ اروند کمار اور ریڈی کو بالترتیب دوسرے اور تیسرے ملزم کے طور پر شامل ہیں۔
منگل کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے تارک راما راو کی جانب سے دائر کی گئی اس درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا، جس میں انہوں نے فارمولہ ای کار ریس کے انعقاد میں مبینہ مالی بے قاعدگیوں کے سلسلے میں ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو چیلنج کیا تھا۔ عدالت نے عبوری احکامات کو بھی توسیع دی، جن کے تحت پولیس کو ہدایت دی گئی کہ وہ فیصلے کے اعلان تک تارک راما راوکو گرفتار نہ کرے۔