[]
حیدرآباد: اڈیشہ کے جاج پور ضلع میں چہارشنبہ کے روز ایک مگرمچھ نے دریا کنارے خاتون کا اس وقت شکار کرلیا جب وہ کپڑے دھونے کے بعد نہارہی تھی۔
خاتون کا نام جیوتسنا رانی بتایا جاتا ہے جس کی عمر 35 برس تھی۔ وہ بیروپا ندی کے کنارے کپڑے دھونے کے بعد نہارہی تھی کہ اچانک مگرمچھ نے اس پر حملہ کردیا اور اسے کھینچ کر دریا میں لے جانے کے بعد اسے زندہ کھانے لگا۔
یہ واقعہ ضلع جاج پور کے پالت پور گاؤں میں پیش آیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوئی ہے۔
وہاں موجود لوگ اسے بچانے کی کوشش تو کیا کرتے مگر انہوں نے مگرمچھ کو اس عورت کو اپنے جبڑوں میں دبائے گہرے پانی میں کھینچ کر لیجاتے ہوئے اس ہولناک واقعہ کی ویڈیو بنانی شروع کردی۔
اس دوران خاتون نے خود کو مگرمچھ کے شکنجے سے بچانے کی کوشش کی اور بہت ہاتھ پیر مارے مگر، مگر نے اسے نہیں چھوڑا۔ بعض لوگ اس کے گھر والوں کو اطلاع دینے کے لئے اس کے گھر کی جانب دوڑ پڑے۔
مقامی فائر بریگیڈ عملہ نے سرچ آپریشن کے بعد اس عورت کے بچے کچے اعضا تلاش کرکے باہر نکالے جنہیں سرکاری دواخانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ مگرمچھ نے خاتون کے جسم کا زیادہ تر حصہ کھا لیا ہے اور اس کی لاش کے نام پر کچھ خاص نہیں بچا ہے۔
اسی دوران محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے آس پاس کے گاؤں کے رہنے والوں میں شعور بیداری کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ وہ لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ یہ اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو بتارہے ہیں کہ مگرمچھ کے پکڑے جانے تک وہ دریا کے قریب نہ جائیں۔
اس واقعہ کے بعد مقامی مواضعات کے لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے کیونکہ وہ پینے کے پانی کے لئے بھی اسی دریا پر انحصار کرتے ہیں۔ بتادیں کہ اوڈیشہ میں گذشتہ تین ماہ میں اس طرح کے پانچ واقعات پیش آچکے ہیں۔