روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تاریخی کلین سوئپ کے بعد آسٹریلیا میں مسلسل شکستوں پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے۔

ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے 3 میچوں میں محض 31 رنز بنائے ہیں جو جسپریت بمرا کی جانب سے حاصل کی گئی (30) وکٹوں سے محض ایک نمبر زیادہ ہے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ’بارڈر گواسکر ٹرافی‘ کے 5 میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-2 سے برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے پہلے میچ میں روہت شرما کی غیر موجودگی میں جسپریت بمرا کی قیادت میں ہندوستان نے میزبان ٹیم کو 295 رنز سے شکست دی تھی۔تیسرا میچ بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کےختم ہوا اور باقی میچوں میں ہندوستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) حکام اور قومی سلیکٹرز نے روہت شرما سے بات کی ہے تاہم ریٹائرمنٹ سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا کہ وہ اس کا اعلان کب کریں گے، ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے بعد روہت شرما ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

تاہم ایسا دکھائی دیتا ہے کہ اگر ہندوستان کسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو روہت شرما بورڈ حکام اور سلیکٹرز سے کچھ وقت مانگیں گے اور انہیں فائنل تک ریٹائرمنٹ کو روکنے پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *