نئی دہلی: عازمین حج کی سہولت اور عوام کے مطالبہ پر حج کمیٹی آف انڈیا نے ویٹنگ لسٹ میں منتخب عازمین حج کے لیے حج اخراجات کی پہلی اور دوسری قسط کے طور پر 2,72,300 روپے جمع کرانے کی تاریخ میں 6 جنوری تک توسیع کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قرعہ اندازی میں پہلے سے منتخب ہونے والے عازمین حج 6 جنوری تک 1,42,000 روپے کی حج اخراجات کی دوسری قسط بھی جمع کرا سکتے ہیں۔
کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں عازمین حج سے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی گئی ہے۔ 6 جنوری آخری تاریخ ہے اور اس کے بعد مزید توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے۔ عازمین حج کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، نیٹ بینکنگ یا یو پی آئی کے ذریعے حج کمیٹی کی ویب سائٹ یا حج سہولت ایپ کے ذریعے ای پیمنٹ کر سکتے ہیں۔
عازمین حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں پے ان سلپ اور بینک ریفرنس نمبر کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں رقم جمع کرا سکتے ہیں۔
ویٹنگ لسٹ سے منتخب مسافروں کو رقم جمع کروانے کے بعد ان کا اصل بین الاقوامی پاسپورٹ خود تصدیق شدہ کاپی، میڈیکل اسکریننگ اور فٹنس سرٹیفکیٹ، حلف نامہ، بینک پے سلپ اور حج درخواست فارم کی کاپی 8 جنوری 2025 تک جمع کرانی ہوگی۔
حج اخراجات کی تیسری قسط کا اعلان سعودی عرب میں ہوائی جہاز کے کرایہ اور اخراجات کا تعین کرنے کے بعد کیا جائے گا۔