امریکہ کے ٹریزری ڈیپارٹمنٹ پر چینی ہیکرز کا حملہ، کئی دستاویزات کی چوری

امریکی ٹریژری ڈیپارٹمنٹ پر حال ہی میں چینی ریاست کی حمایت یافتہ ہیکنگ گروپ نے سائبر حملہ کیا ہے، جس میں کئی ورک اسٹیشنز اور غیر درجہ بند دستاویزات تک رسائی حاصل کی گئی

سائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایسسائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایس
سائبر حملہ، تصویر آئی اے این ایس
user

واشنگٹن: چینی ہیکرز نے امریکی ٹریزری ڈیپارٹمنٹ کو ہیک کر کے کئی ورک اسٹیشن اور غیر درجہ بند دستاویزات تک رسائی حاصل کر لی۔ 8 دسمبر کو ہونے والے اس سائبر حملے میں ہیکرز نے ایک تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر پرووائیڈر کی سکیورٹی میں خامیاں تلاش کیں اور سسٹم میں دراندازی کی۔ امریکی حکام نے اس حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اسے ایک سنگین سائبر سکیورٹی واقعہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اس وقت شروع ہوا جب تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر پرووائیڈر بایونڈ ٹرسٹ نے ٹریزری ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع دی کہ ہیکرز نے ان کی سکیورٹی کو بائی پاس کرتے ہوئے کئی ورک اسٹیشنز کا ریموٹ ایکسیس حاصل کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق، ہیکرز نے سسٹم میں دراندازی کرنے کے بعد، سکیورٹی کی ایک ’کی‘ چُرا لی تھی جو سرورز کی حفاظت کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔

اس حملے کے بعد، ٹریزری ڈیپارٹمنٹ نے فوری طور پر متاثرہ سسٹمز کو آف لائن کر دیا تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ وزارت خزانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اب تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ ہیکرز کے پاس وزارت خزانہ کی معلومات تک مسلسل رسائی ہو، مگر یہ حملہ ایک سنگین سائبر سکیورٹی خلاف ورزی سمجھی جا رہی ہے۔

اس واقعے کے بعد، امریکی ایجنسیوں بشمول ایف بی آئی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملہ ایک منظم اور پیچیدہ حملہ تھا جس میں ہیکرز نے کسی خاص مقصد کے تحت سرکاری سسٹمز میں دراندازی کی۔ اس حملے نے امریکی حکام کو اپنی سائبر سکیورٹی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کر دیا ہے اور یہ ان کی سائبر دفاعی حکمت عملی کے لیے ایک نیا چیلنج بن چکا ہے۔

اس حملے میں کس قسم کی معلومات تک رسائی حاصل کی گئی، اس بارے میں حکام نے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ تاہم، ٹریزری ڈیپارٹمنٹ نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ ہیکرز کے پاس کوئی ایسی معلومات نہیں ہیں جو عوام یا قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہوں۔ حکام نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ آئندہ اس طرح کے حملے نہ ہوں اور ان کے سسٹمز کی حفاظت کے لیے اضافی اقدامات کیے جائیں گے۔

اس واقعے نے امریکہ اور چین کے درمیان سائبر حملوں کے حوالے سے کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ حالیہ برسوں میں چین کی جانب سے کیے گئے متعدد سائبر حملوں کی رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن میں امریکی حکومت کے اہم اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ ایک اور بڑے حملے میں چین کے جاسوسوں نے امریکی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے نیٹ ورک کو ہیک کیا تھا، جس میں کئی حساس معلومات چین کے حکام تک پہنچیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *