نیا سال آنے سے کچھ دن پہلے ہی پورے ملک میں موسم کا مزاج پوری طرح سے بدل چکا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہو رہی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ آئی ہے، جس سے شدید سرد لہر شروع ہو گئی ہے۔ ملک کی زیادہ تر ریاستوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ قومی راجدھانی دہلی میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور شام میں دہلی کے زیادہ تر علاقوں پر دھند اور کہرا چھائے رہنے کے آثار ہیں جس کی وجہ سے محکمہ نے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ یہاں اتوار 29 دسمبر کو کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا، جو اس موسم کے معمول کے درجہ حرارت سے 2 ڈگری کم ہے۔