حیدرآباد: دبئی میں واچ مین کی حیثیت سے کام کرنے والا حیدرآباد کا ایک شخص راتوں رات کروڑ پتی بن گیا۔ 60 سالہ نامپلی راج ملیا جو حیدرآباد سے تعلق رکھتا ہے دبئی میں بطور واچ مین کام کررہا ہے۔ اسے لاٹری ٹکٹ خریدنے کا شوق ہے اور اس عادت کے تحت اس نے بِگ ٹکٹ نامی لاٹری کا ٹکٹ خریدا۔
اس بار قسمت نے یاوری کی اور لاٹری اس کے نام نکل آئی۔ حال ہی میں اعلان کردہ بِگ ٹکٹ ملینیئر الیکٹرانک لکی ڈرا میں راج ملیا فاتح کے طور پر سامنے آیا۔ لکی ڈرا میں ایک ملین درہم (تقریباً 2 کروڑ 32 لاکھ 76 ہزار 460 روپے) جیت لیے۔ راج ملیا جو ایک بلڈنگ میں واچ مین کے طور پر کام کرتا ہے اس نے بتایا کہ وہ گزشتہ 30 سال سے لاٹری کے ٹکٹ خرید رہا تھا۔ آخر کار اس نے لاٹری جیت لی۔
اس نے کہا کہ وہ اس انعام کی رقم کو اپنے ان دوستوں کے ساتھ بانٹے گا جنہوں نے اسے ٹکٹ خریدنے میں مدد کی تھی۔ باقی رقم کو وہ اپنے خاندان کے مستقبل کے لیے استعمال کرے گا۔