پورے ملک میں اب شدید ٹھنڈک پڑنی شروع ہو گئی ہے۔ راجدھانی دہلی کے زیادہ ترعلاقوں میں دھند اور کہرا دیکھنے کو مل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہاں آج سے اگلے کچھ دنوں میں ہلکی بارش ہونے کے بھی آثار ہیں۔ محکمہ نے ٹھنڈ میں اضافہ کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
ادھر اتر پردیش میں آگرہ، علی گڑھ، متھرا اور ورندا ون میں بھی شدید کہرا دیکھنے کو ملا۔ 26 دسمبر سے 28 دسمبر کے درمیان ریاست مختلف حصوں میں گھنے کہرے، بارش، برفباری اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہرے اور بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ جمعرات کو ریاست کے کئی حصوں میں موسم خشک رہے گا۔ آج ریاست کے ضلعوں جیسے دیوریا، گورکھپور، بستی اور کشی نگر میں دیر رات اور صبح کے وقت ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔